قصور (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف طارق نوید سندھو) محکمہ اینٹی کرپشن قصور نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ایک کامیاب چھاپہ مارا ہے، جس کے نتیجے میں ایک پٹواری کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی عوامی شکایات پر عمل میں لائی گئی تاکہ سرکاری دفاتر میں جاری بدعنوانی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق سرکل آفیسر اینٹی کرپشن قصور، فواد شیرازی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک منظم جال بچھا کر حلقہ بیرون کوٹ مراد خاں کے پٹواری سکندر کو نشانہ بنایا۔ پٹواری ایک شہری سے اس کے قانونی کام کے عوض 30 ہزار روپے رشوت طلب کر رہا تھا، جس کی اطلاع اینٹی کرپشن حکام کو دی گئی تھی۔
کارروائی کے دوران فواد شیرازی نے پٹواری سکندر کو اس وقت دھر لیا جب وہ شہری سے 30 ہزار روپے کی نقدی وصول کی تھی۔ اینٹی کرپشن حکام نے پٹواری کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے، جو کہ رشوت کی صورت میں لیے گئے تھے۔ رنگے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر حوالات منتقل کر دیا گیا۔
اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار پٹواری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس کارروائی میں دیگر کون سے اہلکار ملوث ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی بھی سرکاری ملازم کو معاف نہیں کیا جائے گا اور کرپشن سے پاک معاشرے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔