راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سٹی صدر روڈ پر واقع ایک چار منزلہ پلازہ کے بیسمنٹ میں قائم گودام میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز گزشتہ 11 گھنٹوں سے مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔ بیسمنٹ میں وینٹیلیشن اور داخلے کے مناسب راستے نہ ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کے اس بڑے آپریشن میں 13 ایمرجنسی گاڑیاں اور 50 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ گودام میں بڑی مقدار میں آتش گیر سامان موجود ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، جس پر قابو پانے کے لیے فوم ملا پانی استعمال کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ خود موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

آپریشن کے دوران پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے واسا راولپنڈی کی ٹیموں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام تر کوششیں آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے پر مرکوز ہیں تاکہ ارد گرد کی عمارتوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ تاحال آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی پلازے کو پہنچنے والے مالی نقصان کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا سکے گا۔ شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے