سری لنکا (کیو این این ورلڈ) بین الاقوامی سمندر میں کشیدگی کی نئی لہر پیدا ہو گئی ہے جہاں امریکی آبدوز نے سری لنکا کے قریب ایرانی جنگی جہاز "آئرس ڈینا” (IRIS Dena) کو نشانہ بنایا۔ اس حملے کے نتیجے میں 80 ایرانی فوجیوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ حملے کے فوری بعد کی ایک ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایرانی بحری جہاز سے جیسے ہی امریکی تارپیڈو ٹکرایا، ایک زوردار دھماکہ ہوا جس نے جہاز کو شدید نقصان پہنچایا۔ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے اس حملے کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی جنگی جہاز کو لگتا تھا کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں محفوظ رہے گا، لیکن امریکی کارروائی نے اس تاثر کو غلط ثابت کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ایرانی جنگی جہاز بھارت میں ہونے والی جنگی مشقیں مکمل کرنے کے بعد واپس ایران جا رہا تھا کہ اسے سری لنکا کے سمندری حدود کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ سری لنکن وزیر خارجہ نے بتایا کہ جہاز کے ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی سری لنکن بحریہ کو ریسکیو کے لیے روانہ کیا گیا، تاہم امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی جہاز سمندر برد ہو چکا تھا۔

سری لنکا کے نائب وزیر خارجہ کے مطابق اب تک سمندر سے 30 زخمی اہلکاروں کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے۔ یہ واقعہ خطے میں پہلے سے موجود تناؤ میں شدید اضافے کا سبب بن سکتا ہے، کیونکہ ایک جنگی جہاز کو اس طرح نشانہ بنانا بین الاقوامی سمندری قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے ابھی تک اس واقعے پر کوئی باضابطہ جوابی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ ایران اس حملے کا سخت جواب دے سکتا ہے۔ بین الاقوامی برادری اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ اسے ایک مکمل جنگ میں تبدیل ہونے سے روکا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے