احمدپور شرقیہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پرنسپل ادارہ پروفیسر شاہد حسین مغل نے کالج گراؤنڈ میں پودا لگا کر اس مہم کا افتتاح کیا، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور علاقے کو سرسبز بنانا ہے۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات و انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرتی ہمیشہ درختوں کی صورت میں سانس لیتی ہے اور زندہ قومیں اپنے ہاتھوں میں قلم و کتاب کے ساتھ پودے بھی تھامتی ہیں۔ انہوں نے شجرکاری کو ایک مہم نہیں بلکہ زندگی کا قرض قرار دیا جو ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کی بقاء کے لیے ادا کرنا ہے۔

ڈاکٹر الطاف جلالوی کا مزید کہنا تھا کہ درختوں کی بدولت ہی ہم سنگین ماحولیاتی مسائل کو شکست دے سکتے ہیں کیونکہ کائنات کی خوبصورتی شجرکاری میں ہی پنہاں ہے۔ انہوں نے ہر شہری پر زور دیا کہ وہ ایمانداری سے کم از کم ایک درخت ضرور لگائے، کیونکہ یہ نہ صرف قومی فریضہ ہے بلکہ ایک بہترین صدقہ جاریہ بھی ہے۔

مہم کے پہلے مرحلے میں وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، پروفیسر ظفر اقبال، پروفیسر محمد رضوان، پروفیسر محمد کاشف سمیت دیگر اساتذہ اور سی ٹی آئیز لیکچررز نے طلبہ اور کلاس فور ملازمین کے ہمراہ کالج کے مختلف حصوں میں ایک سو کے قریب مختلف انواع کے پودے لگائے۔

تقریب میں شریک اساتذہ اور ملازمین بشمول شاہد بخاری، سجاد علی اور محمد تنویر نے عزم کیا کہ وہ نہ صرف پودے لگائیں گے بلکہ ان کی مناسب آبیاری اور نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں گے۔ اس مہم کو کالج کے طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ سراہا اور اپنے گھروں میں بھی درخت لگانے کا عہد کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے