میہڑ (کیو این این ورلڈ/ منظور علی جوئیہ) میہڑ اور اس کے گردونواح کے چھوٹے بڑے شہروں میں اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنا سخت غصہ اور غم و غصہ ریکارڈ کرایا۔
نواحی علاقے فرید آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اب ناقابلِ برداشت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں ایران کی حمایت میں نکالے گئے احتجاج پر فائرنگ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی، جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین شہید ہوئے تھے۔
مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی صورت میں اس ظلم اور بربریت کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عالمی طاقتیں انسانی حقوق کا راگ الاپتی ہیں اور دوسری طرف نہتے مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، جو کہ عالمی ضمیر پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک متحد ہو کر ان سازشوں کا مقابلہ کریں تاکہ خطے میں امن و امان قائم ہو سکے۔