ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے مطابق موڑ کھنڈہ منڈی فیض آباد روڈ پر ٹوری اللہ یار سٹاپ کے قریب رکشہ اور مزدہ میں خوفناک تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ رکشہ ڈرائیور کی شناخت 25 سالہ محمد صداقت کے نام سے ہوئی ہے، جس کی میت ضروری کارروائی کے بعد مقامی پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔

افسوسناک حادثے میں رکشہ میں سوار 4 بچے بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

زخمی ہونے والے بچوں میں 12 سالہ احسان، 10 سالہ سفیان، 15 سالہ فضاء اور 14 سالہ مروا اکرم شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مقامی پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو قبضے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے