اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں عالمی و علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر مکالمے، سفارت کاری اور کشیدگی میں فوری کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ اس موقع پر یورپی یونین کی نمائندہ کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن کے حوالے سے یورپی یونین کی تعمیری شمولیت کو سراہا گیا اور دونوں اطراف سے بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔