دبئی / ابوظہبی (کیو این این ورلڈ) متحدہ عرب امارات کے حکام نے سوشل میڈیا پر غلط یا غیر مصدقہ معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی واضح وارننگ جاری کر دی ہے۔

سرکاری اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی، عوامی نظم یا ریاستی اداروں کے بارے میں کوئی بھی گمراہ کن مواد شیئر کرنا سنگین جرم تصور کیا جائے گا، جس پر بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں دی جائیں گی۔

یو اے ای کے انسدادِ سائبر جرائم قوانین کے تحت افواہیں پھیلانے یا جھوٹی خبر شیئر کرنے والے فرد پر 1 لاکھ سے لے کر 5 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ سنگین معاملات میں قید کی سزا بھی بھگتنا ہو گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی آن لائن مواد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے یا ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے گا، تو متعلقہ سیکیورٹی ادارے بغیر کسی تاخیر کے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔

اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ہر شہری اور رہائشی کے لیے ذمہ دارانہ ڈیجیٹل طرزِ عمل اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو آگے بڑھانے سے پہلے وزارتِ داخلہ، سرکاری خبر رساں ایجنسی یا متعلقہ اتھارٹی کے مستند ذرائع سے اس کی تصدیق لازمی طور پر کریں۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ آن لائن سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کا عمل چوبیس گھنٹے جاری ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہر صورت جوابدہ بنایا جائے گا تاکہ معاشرتی استحکام برقرار رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے