میہڑ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ: منظور علی جوئیہ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے سانحے اور امریکا و اسرائیل کی مبینہ جارحیت کے خلاف میہڑ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔
ریلی سیاسی، سماجی شخصیات، شہریوں اور مذہبی رہنماؤں کی قیادت میں نکالی گئی، جن میں مولانا مجاہد حسین چانڈیو اور دیگر شامل تھے۔ مظاہرین شہر کی مختلف سڑکوں سے گزرتے ہوئے احتجاجی مقام پر جمع ہوئے جہاں اسرائیل اور امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی قوم سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم نے اپنے اصولی مؤقف پر ڈٹے رہتے ہوئے شہادت قبول کی لیکن باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کسی بھی خودمختار ملک پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس طرزِ عمل سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
احتجاج کے اختتام پر مظاہرین نے دعا کی اور پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔