کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/وقار احمد اعوان کی رپورٹ) قومی امن کمیٹی تعلقہ کندھ کوٹ کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز لائبریری چوک سے ہوا اور شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے پاکستان پائندہ آباد اور پاک فوج زندہ آباد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے ملک کی بقا اور سرحدوں کے تحفظ کے ضامن ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی بیرونی جارحیت یا سازش کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و استحکام اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی.