نوشہرو فیروز (کیو این این ورلڈ/محمد ساجد مغل) مورو میں انجمن الحسینی امام بارگاہ سے اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر شہداء کے سوگ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

ریلی کا آغاز مرکزی امام بارگاہ الحسینی سے ہوا جو شہر کی مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب تک پہنچی۔ اس دوران مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مسلمانوں پر حملوں کی مذمت درج تھی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مسلمانوں پر ہونے والے حملوں کا فوری نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے عملی اقدامات کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

احتجاجی ریلی کی قیادت ڈاکٹر سجاد حیدر شاہ، نذیر شاہ، جاوید مصطفیٰ کاندھڑو، ڈاکٹر شبیر اور دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں مؤثر سفارتی کردار ادا کرے اور مسلم ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے۔

ریلی کے اختتام پر پریس کلب کے سامنے دعائیہ کلمات ادا کیے گئے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ مظاہرین نے پرامن انداز میں احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد منتشر ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے