اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رجیم چینج کے لیے کسی لیڈر کو قتل کرنا مجرمانہ فعل اور کھلی ریاستی دہشتگردی ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی خبر سے دلی صدمہ پہنچا ہے اور آج کا دن پوری مسلم دنیا کے لیے غم و افسوس کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں مسلمانوں کے ساتھ اس نوعیت کا سلوک کم ہی دیکھنے میں آیا، ایران کسی ملک کے لیے خطرہ نہیں تھا بلکہ اپنا دفاع کرنا ہر خودمختار ریاست کا حق ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں رجیم چینج کے لیے قیادت کو نشانہ بنانا کرمنل ایکٹ اور اسٹیٹ ٹیررازم کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے ایران پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں اور مکمل حمایت ایرانی عوام کے ساتھ ہیں اور ہم ایران کے سوگ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای گزشتہ روز ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق سپریم لیڈر کی شہادت ان کے دفتر میں ہوئی، جبکہ ایران میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔