لاہور (کیو این این ورلڈ)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے عید کے بعد ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا عندیہ دے دیا۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 23 سے 24 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان کے مقدس مہینے میں اضافے کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے اور اس کے نتیجے میں مہنگائی کا طوفان آتا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگا رہی ہے اور غلط پالیسیوں کے باعث کاروبار شدید دباؤ کا شکار ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے یاد دلایا کہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف پہلے بھی 10 روزہ ملک گیر ہڑتال کی جا چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے