اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیرِاعظم شباز شریف سے وزیرِداخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی، جس میں محسن نقوی نے چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت اور حاصل نتائج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے وزیراعظم کو روم اور اٹلی میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان، اٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ کی شرکت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پولینڈ میں چھ فریقی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کی تفصیلات بھی فراہم کی، جس میں پاکستان، پولینڈ، لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرائے داخلہ شریک تھے۔
وزیرِداخلہ نے بتایا کہ دونوں کانفرنسز میں شریک ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی ورک پرمٹ کے جلد از جلد اجراء پر اتفاق کیا۔ رکن ممالک نے یورپی ممالک کی جانب غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں صرف ایک سال میں 47 فیصد کمی لانے اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ ساتھ ہی پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی صلاحیت اور استعداد کار میں بہتری کے لیے یورپی یونین میں جلد از جلد منصوبہ پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم شباز شریف نے وزیرِداخلہ کی کوششوں اور بین الاقوامی سطح پر مثبت اقدامات کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ملکی داخلی اور مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔