ابوظبی (کیو این این ورلڈ) ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے شیخ زاید ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں ایک شخص کے ہلاک اور 7 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے فوری بعد ہنگامی ٹیموں کو طلب کیا گیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ادھر Dubai Media Office نے بھی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میزائل حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اماراتی حکام کے جاری بیان کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے 132 میزائل تباہ کر دیے گئے، جبکہ 209 میں سے 195 ڈرونز مار گرائے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 14 ڈرون گرنے سے محدود نوعیت کا نقصان ہوا۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون تباہ کرنے کے دوران برج العرب کے بیرونی حصے میں آگ لگ گئی جس پر فوری قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ دبئی مرینہ اور دبئی ہلز کے علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
کچھ دیر قبل وزارت داخلہ متحدہ عرب امارات نے میزائل حملوں کے حوالے سے نیا سکیورٹی الرٹ جاری کیا تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے رہائشیوں کے موبائل فونز پر ہنگامی پیغام بھیجا گیا جس میں شہریوں کو فوری طور پر شیلٹرز میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔