میہڑ (کیو این این ورلڈ/ منظورعلی جوئیہ کی رپورٹ) میہڑ کے نواحی گاؤں قاضی عارف میں چانڈیا اور بھٹ برادری کے دو گروپوں کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں ڈنڈوں اور خنجروں کے وار سے بلاول چانڈیو اور امید علی بھٹ شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے چانڈکا میڈیکل کالج ہسپتال لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان تنازع علاج کے دوران بھی ختم نہ ہو سکا اور تحصیل ہسپتال میں کشیدگی بڑھ گئی۔ دونوں برادریوں کے مسلح افراد ہسپتال پہنچ گئے جس سے مریضوں، تیمارداروں اور عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔
ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں نے صورتحال کے پیش نظر اے سیکشن تھانہ میہڑ کو اطلاع دی، تاہم آخری اطلاعات تک پولیس کی جانب سے کوئی اہلکار موقع پر نہیں پہنچا تھا اور نہ ہی واقعے کا مقدمہ درج ہو سکا تھا۔
مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بروقت پولیس کارروائی نہ ہونے کی صورت میں مزید نقصان کا اندیشہ موجود ہے، جبکہ علاقے میں صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔