ریاض (کیو این این ورلڈ) سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے پاکستانی سفارت خانے نے حالیہ علاقائی پیش رفت کے تناظر میں ایک اہم پبلک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ سفارت خانے کے اعلامیے میں تمام پاکستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں مکمل پُرسکون رہیں اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان دھرنے سے گریز کریں۔
اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ شہری معلومات کے حصول کے لیے صرف سعودی حکومت کے مستند اور سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ خبروں یا سوشل میڈیا رپورٹس کو پھیلانے سے مکمل اجتناب برتیں۔ سفارت خانے نے پاکستانیوں کو حالات پر کڑی نظر رکھنے اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
سفارت خانے نے مزید ہدایت کی ہے کہ جو شہری سفر کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کے شیڈول اور اسٹیٹس کی تصدیق لازمی کر لیں۔ اعلامیے کے مطابق کسی بھی قسم کی مزید پیش رفت کی صورت میں نئی معلومات سرکاری ذرائع سے ہی جاری کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو درست رہنمائی میسر آ سکے۔
