ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہِ رمضان المبارک کے دوسرے جمعۃ المبارک کا ضلع بھر میں پرامن اختتام ہوا، جہاں ضلعی پولیس نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کی مختلف مساجد، امام بارگاہوں اور بیت الذکر پر خصوصی سیکیورٹی ڈیوٹی لگائی گئی تھی۔ ضلعی پولیس کی جانب سے 350 سے زائد پولیس افسران و جوانوں کے ساتھ رضا کاروں کو بھی سیکیورٹی پر تعینات کیا گیا تاکہ عبادت گزاروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد نے نماز جمعہ سے قبل مختلف مساجد کا دورہ کیا اور سیکیورٹی ڈیوٹی سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران، جوانوں اور رضا کاروں کو جمعہ کی ڈیوٹی کی حساسیت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے چوکس رہنے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ماہِ رمضان المبارک میں عبادت گاہوں کی سیکیورٹی ایک اہم ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مساجد انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ اور مشترکہ تعاون یقینی بنایا جائے، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر مورچہ جات قائم کیے جائیں تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ ان احکامات پر عملدرآمد جاری ہے۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے مزید کہا کہ ماہِ رمضان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس دن رات کوشاں ہے۔