راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں عسکری قیادت نے انہیں پاک۔افغان سرحدی صورتحال اور سیکیورٹی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے گٹھ جوڑ اور شرپسند کارروائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی پاکستان کے خلاف کارروائیاں ناقابلِ قبول ہیں اور ان کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان ملک کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔

وزیرِ اعظم نے سرحدی علاقوں میں افغان طالبان رجیم کے حملوں کو پسپا کرنے اور بھرپور جوابی کارروائی پر افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ارضِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے