ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) جروار چوک تونسہ روڈ پر موٹر سائیکل اور یورو وین کے درمیان تیز رفتاری اور غفلت کے باعث خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ایک ایمبولینس بمعہ تربیت یافتہ عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی۔ ریسکیو ٹیم محض پانچ منٹ کے ریسپانس ٹائم میں موقع پر پہنچ گئی، تاہم منظر انتہائی دلخراش تھا اور دونوں افراد شدید سر کی چوٹوں سمیت دیگر زخموں کے باعث موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ سہیل ستار ولد عبد الستار شامل ہیں، جن کا تعلق شہزاد کالونی ڈیرہ غازی خان سے بتایا گیا ہے، جبکہ دوسرے جاں بحق شخص کی عمر تقریباً 40 سال بتائی جا رہی ہے تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔

ریسکیو اہلکاروں نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میتوں کو احترام کے ساتھ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع پولیس کنٹرول کو بھی دے دی گئی ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی اور ورثاء تک اطلاع رسانی کا عمل مکمل کیا جا سکے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے تھے تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے