ژوب (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 18 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 24 فروری کو سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا، جس کے دوران 8 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی اور دہشتگرد عناصر کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 فروری کو اسی علاقے میں ایک جامع کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کا مقصد بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے چھپے ہوئے عناصر کا سراغ لگا کر انہیں منطقی انجام تک پہنچانا تھا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے مختلف راستوں پر دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا اور ٹھکانوں پر بھرپور کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 10 خوارج مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے عناصر علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ “عزمِ استحکام” وژن کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری ہے اور سکیورٹی فورسز بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے