اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اوکاڑہ میں نگہبان رمضان کارڈ سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کارڈز کی ایکٹیویشن کے عمل اور مستحق افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ سمیت دیگر ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں کی فلاح کے لیے جاری نگہبان رمضان کارڈز کی تقسیم کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہری اس حکومتی ریلیف سے بروقت مستفید ہو سکیں۔
دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے نگہبان رمضان دسترخوان اور رمضان بازار کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بازاروں میں اشیائے خورونوش کے معیار اور قیمتوں کو خود چیک کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں قائم افطار دسترخوان کا بھی وزٹ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات سمیت مریضوں کے لواحقین اور دیگر ضرورت مندوں کو معیاری کھانا فراہم کرنے کا حکم دیا۔
کمشنر ساہیوال کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اس لیے افسران فیلڈ میں رہ کر خود انتظامات کی نگرانی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اشیاء کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے یا معیار پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔