گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) تحصیل میرپورماتھیلو کے شہر جروار کے قریب گاؤں خدا بخش لغاری میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی سنگین واردات کے دوران ایک خاتون سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون چھین لیا۔

تفصیلات کے مطابق ثمینہ مائی نامی خاتون اپنے شوہر سگھیا خان کی تنخواہ کی رقم لے کر گھر پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے پانچ مسلح ملزمان نے اسے اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے خاتون کو خوفزدہ کر کے اس سے نقدی اور موبائل فون چھینا اور شام چھ بجے کے قریب باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

متاثرہ خاتون کے مطابق واردات میں شامل دو ملزمان کی شناخت محمد نواز لغاری اور اس کے بیٹے دل شیر لغاری کے طور پر ہوئی ہے جبکہ تین ملزمان نامعلوم ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی جروار تھانے میں این سی رپورٹ درج کرا دی گئی ہے تاہم پولیس کی جانب سے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہریوں نے امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

متاثرہ خاندان نے ایس ایس پی گھوٹکی، ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو اور ایس ایچ او جروار سے مطالبہ کیا ہے کہ نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم برآمد کرائی جائے۔ اہل علاقہ نے بھی پولیس حکام سے گشت مؤثر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے