اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد پر کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی کے مطابق فائرنگ کے یہ واقعات سرحدی علاقوں طورخم اور تیراہ میں پیش آئے جہاں افغان جانب سے اچانک گولہ باری کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپیں سرحد کے تین مختلف پوائنٹس پر ہوئیں اور تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس دوران پاکستانی فورسز کے تمام جوان محفوظ رہے جبکہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی ایک چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

حکومتی مؤقف کے مطابق پاکستان اپنی سرحدی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سرحد پر فی الحال صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔