ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے ضلع ننکانہ صاحب کا تفصیلی دورہ کیا اور سہولت بازار، ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سہولت بازار میں گوشت، چینی، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا، جبکہ ریٹ لسٹوں کی آویزگی، صفائی ستھرائی اور پارکنگ کی سہولیات کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گردوارہ جنم استھان اور ریلوے روڈ پر جاری صفائی آپریشن اور روڈ واشنگ مہم کا مشاہدہ کیا اور رمضان کی مناسبت سے سجائے گئے چوکوں اور چوراہوں کا بھی دورہ کیا۔
کمشنر لاہور نے نگہبان رمضان کارڈ کیمپ آفس کا دورہ کر کے حقداران کو کارڈز کی فراہمی کے طریقہ کار کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 45 ہزار حقداران کو راشن کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 30 ہزار سے زائد افراد کو کارڈز موصول ہو چکے ہیں۔ مریم خان نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ رمضان دسترخوان کا دورہ کر کے وہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی افطار کی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو بہترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران مریم خان نے سپورٹس ارینا اور احمد شاہ روڈ پر فیملی پارکس سمیت دیگر ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ کا بھی خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریض خواتین سے گفتگو کی اور ادویات کی مفت فراہمی، ڈاکٹروں کی موجودگی اور وارڈز میں صفائی کے نظام کو چیک کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر اور اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت سمیت دیگر ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔