سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے رمضان المبارک کے دوران پرائس کنٹرول اور حکومتی انتظامات کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم رمضان سے اب تک مجموعی طور پر 14 ہزار 797 مقامات پر چھاپے مارے جا چکے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 431 گرانفروشوں کو مجموعی طور پر 11 لاکھ 3 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 9 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 49 پرائس مجسٹریٹس تعینات ہیں جو روزانہ اوسطاً ڈھائی ہزار مقامات کی چیکنگ کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے عوامی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘نگہبان دسترخوان’ سے روزانہ 5 سے 6 ہزار افراد مستفید ہو رہے ہیں اور اب تک 25 ہزار سے زائد شہری افطاری کر چکے ہیں۔ ضلع میں 26 مستقل مقامات کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی دسترخوان لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل سیالکوٹ میں سہولت بازار فعال ہو چکا ہے جبکہ دیگر تحصیلوں میں بھی جلد سہولت بازار آپریشنل کر دیے جائیں گے۔ میڈیا اور ہیلپ لائن 1718 پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔

صبا اصغر علی نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں 600 ایسی دکانیں مقرر کی گئی ہیں جہاں سے ‘نگہبان رمضان پروگرام’ کے تحت رقم نکلوائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ‘نگہبان کارڈ’ کو محفوظ رکھیں کیونکہ یہ کارڈ سہولت بازاروں میں بھی استعمال ہو سکے گا اور مستقبل میں دیگر سرکاری سہولیات بھی اسی کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو بڑے اسٹورز اور ڈی سی کاؤنٹرز کی باقاعدگی سے چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے وارننگ دی کہ مسلسل گرانفروشی کرنے والی دکانوں کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے