سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان اور پشین میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر علیحدہ علیحدہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خارجی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، اور وہ علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔

دوسری جانب ضلع پشین میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مختلف ہتھیاروں سے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ مزید چار بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک عناصر کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں علاقوں میں مزید کلیئرنس آپریشن جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے