کرک(کیو این این ورلڈ)خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے قلعہ پر مبینہ کواڈ کاپٹر حملے اور بعد ازاں ایمبولینس پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او کرک کے مطابق واقعہ درگہ شہیدان کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایف سی کے قلعہ کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 5 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ایمبولینس جب بہادر خیل کے قریب پہنچی تو نامعلوم مسلح افراد نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایمبولینس میں موجود 3 زخمی فیڈرل کانسٹیبلری اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ ریسکیو کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے طریقہ کار کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے