اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں گرانفروشی کے سدباب کے لیے پیرا فورس متحرک ہو گئی ہے۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی پیرا فورس کی ٹیمیں شہر بھر کے ریڑھی بازاروں اور مرکزی مارکیٹوں میں سرکاری مقرر کردہ کنٹرول ریٹس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔

پیرا فورس اہلکاروں نے مختلف سبزی و فروٹ منڈیوں، ریڑھی بازاروں اور اہم تجارتی مراکز میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کرتے ہوئے دکانداروں اور شہریوں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت کی تلقین کی۔ اعلانات میں واضح کیا گیا کہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اہلکاروں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں اور ریڑھیوں پر نمایاں مقام پر سرکاری نرخنامہ آویزاں کریں اور اس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ٹیموں نے موقع پر موجود شہریوں کو بھی آگاہ کیا کہ وہ خریداری کے دوران نرخنامہ ضرور چیک کریں اور اگر کسی جگہ گرانفروشی کی شکایت ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

ایس ڈی ای او پیرا فورس وسیم جاوید کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کنٹرول ریٹس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو مہنگائی کے اضافی بوجھ سے بچایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے