اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی خصوصی ٹیموں نے ایک ہفتے کے دوران ضلع بھر میں ریکارڈ کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 35 ایل پی جی شاپس اور 12 غیر قانونی پٹرول پمپس سیل کر دیے۔
سول ڈیفنس حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران 20 غیر قانونی پٹرول مشینیں اور 50 ایل پی جی مشینیں تحویل میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دی گئیں تاکہ دوبارہ غیر قانونی کاروبار شروع نہ کیا جا سکے۔ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ان دکانوں اور آؤٹ لیٹس کو بند کیا جو بغیر لائسنس اور حفاظتی انتظامات کے عوامی جان و مال کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گنجان آباد علاقوں میں ایل پی جی کی ریفلنگ، غیر معیاری سلنڈرز کا استعمال اور منی پٹرول پمپس کا قیام کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت پنجاب کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ ایسے غیر قانونی اور خطرناک کاروبار کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور جب تک تمام غیر قانونی آؤٹ لیٹس ختم نہیں ہو جاتے، آپریشن میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی مقامات کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی کر کے ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔