سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) ضلع سیالکوٹ کے علاقے تھانہ بڈیانہ کی حدود میں واقع نواحی گاؤں مالی پور میں 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم گھر میں داخل ہوا اور چھٹی جماعت کی طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر زبردستی کی۔ واقعے کے دوران بچی کی چیخ و پکار سن کر اہلِ محلہ جمع ہونا شروع ہو گئے، جس پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ بعد ازاں متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او اسد بشیر وڑائچ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور مقامی معلومات کی مدد سے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ایس ایچ او اسد بشیر وڑائچ کے مطابق متاثرہ بچی کے میڈیکل ٹیسٹ اور ڈی این اے رپورٹ کو کیس کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ مضبوط شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔