واشنگٹن ڈی سی (کیو این این ورلڈ) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی قیادت کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں پاک امریکہ اسٹریٹجک تعلقات، کریٹیکل منرلز، ترقیاتی منصوبوں اور انسداد دہشت گردی جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ وہ امریکی صدر کے غزہ امن منصوبے میں پاکستان کی معاونت اور "بورڈ آف پیس” میں شمولیت پر پاکستان کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔