اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت، پاک فوج کے افسران اور وفاقی و صوبائی محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے سمگلنگ، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور بجلی چوری سمیت اہم سیکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران تجاوزات کے خاتمے، غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیوں پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جی ٹی روڈ اور دیگر شاہراہوں کے اطراف غیر قانونی پارکنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے تمام اداروں کو مل کر ورکنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی کوارڈینیشن فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ عوامی خدمت کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے