اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) صوبائی وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین شاہ کرمانی کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اعجاز نے مکئی کے ہائبرڈ بیجوں کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں فروخت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ غلہ منڈی روڈ دیپال پور میں کارروائی کے دوران حمزہ ارشد ایگری سروسز کے پروپرائٹر اور مانسنٹو کمپنی کے ڈیلر محمد ارشد کو مہنگے داموں بیج فروخت کرنے پر موقع سے گرفتار کر کے دکان سیل کر دی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے مطابق ضلع بھر میں مجموعی طور پر 151 انسپکشنز کی گئیں، جس کے دوران غیر قانونی اور بغیر لائسنس بیج فروخت کرنے والے 24 ڈیلرز کے خلاف مقدمات درج کر کے قلندرے سول کورٹس میں جمع کرا دیے گئے۔ مہم کے دوران 6 ڈیلرز کو گرفتار، 9 دکانیں سیل اور 2 دکانوں کا اسٹاک ضبط کیا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران 14 لاکھ روپے مالیت کے 64 تھیلے بیج بھی برآمد کیے گئے۔ چوہدری محمد اعجاز کا کہنا تھا کہ غیر معیاری اور غیر قانونی بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ کاشتکاروں کو معیاری بیج مقررہ نرخوں پر فراہم کیا جا سکے۔