اوکاڑہ(کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) حویلی لکھا میں الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے اور یہاں رمضان المبارک سے باقاعدہ طبی خدمات کا آغاز کر دیا جائے گا۔ الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے میڈیا کو بتایا کہ اس ہسپتال کے ذریعے تقریباً ڈیڑھ لاکھ ایسے مستحق افراد کو آنکھوں کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جنہیں پہلے یہ سہولت میسر نہیں تھی۔

یہ ہسپتال تحصیل دیپالپور، اوکاڑہ، پاکپتن اور ساہیوال کے تقریباً 16 لاکھ افراد کے لیے مرکزِ علاج ثابت ہوگا۔ ہسپتال میں جدید تشخیصی آلات اور ماہر طبی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں روزانہ 150 مریضوں کا معائنہ اور 15 تک آپریشنز کرنے کی گنجائش موجود ہوگی۔

حویلی لکھا کا یہ منصوبہ الشفاء ٹرسٹ نیٹ ورک کا ساتواں یونٹ ہے، جس کے دیگر مراکز راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ، مظفرآباد، چکوال اور گلگت میں کامیابی سے کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ 30 برسوں سے یہ نیٹ ورک آنکھوں کے امراض کے خلاف ملک گیر سطح پر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

ہسپتال میں قرنیہ، ریٹینا، کالا اور سفید موتیا کے علاوہ آنکھوں کے سرطان کی سرجری بھی کی جائے گی، جبکہ کم آمدنی والے مریضوں کا علاج مکمل مفت ہوگا۔ اس منصوبے سے مقامی مریضوں کو لاہور یا راولپنڈی جیسے بڑے شہروں کے چکر کاٹنے اور بھاری سفری اخراجات سے نجات مل جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے