پاکستان نے مزید 22 ایرانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی کا انتظام کر دیا، اسحاق ڈار

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے حال ہی میں تحویل میں لیے گئے جہاز لیونور ڈیوینا کے عملے سے تعلق رکھنے والے 22 ایرانی شہری بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں، جہاں سے ان کی جلد وطن واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کراچی پہنچنے والے ایرانی عملے کے ارکان کی محفوظ واپسی کے لیے پاکستان میں موجود ایرانی سفارتی مشنز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ تمام انتظامات جلد مکمل کیے جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس پورے عمل کے دوران پاکستان مسلسل امریکی اور ایرانی حکام سے رابطے میں رہا۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ ایرانی عملے کے ارکان کا چوتھا گروپ ہے جس کی وطن واپسی پاکستان نے ممکن بنائی ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق آج کراچی پہنچنے والے 22 افراد سمیت اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کو پاکستانی سرزمین کے ذریعے بحفاظت ایران واپس بھیجا جا چکا ہے۔

اسحاق ڈار نے ایرانی قیادت کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارت خارجہ، متعلقہ سرکاری اداروں اور تمام حکام کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا، جنہوں نے ایرانی شہریوں کی محفوظ اور باعزت وطن واپسی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے