کندھ کوٹ ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ) کندھ کوٹ میں نہر کے قریب کھدائی کے دوران خستہ حال پل اچانک گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 مزدور جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 تاحال لاپتہ ہیں۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے امام بخش اور ابوبکر نامی مزدوروں کی لاشیں نکال لی ہیں، تاہم واقعہ کو ایک گھنٹہ گزرنے کے باوجود ریسکیو ٹیموں کے نہ پہنچنے پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق نئے پل کی تعمیر کے لیے پرانے ڈھانچے کو ہٹانے کا کام جاری تھا کہ بوسیدہ پل اچانک زمین بوس ہو گیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور ریسکیو آپریشن میں تاخیر کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، جبکہ ابھی بھی دو مزدوروں کی زندگیوں کے حوالے سے شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔