گھوٹکی(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی میں محکمہ جنگلات نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی روز میرپور کے جنگلات سے غیر قانونی قبضے میں لی گئی 100 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرا لی۔ کارروائی کے بعد محکمہ جنگلات نے فوری طور پر زمین کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے جنگلات کی بحالی کے لیے بیل (ببر) کے بیج بھی بو دیے۔
یہ آپریشن صوبائی مشیر برائے جنگلات میر بابل خان بھیو کی ہدایات اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گھوٹکی کی زیر صدارت قائم فاریسٹ کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔ آپریشن کی نگرانی ڈویژنل فارسٹ آفیسر ضیاء اللہ لغاری کر رہے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بھی مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈی ایف او ضیاء اللہ لغاری نے بتایا کہ قبضہ مافیا کے خلاف یہ آپریشن آئندہ تین روز تک میرپور، عادل پور اور جروار کے جنگلاتی علاقوں میں بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے بعد پاکستان رینجرز کے تعاون سے مزید بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی جائے گی، جس کا مقصد باقی ماندہ جنگلاتی زمینوں کو بھی قبضہ مافیا سے مکمل طور پر واگزار کرانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں ایسے ڈیلرز کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو قبضہ مافیا کو زرعی ادویات اور کھاد فراہم کر کے غیر قانونی کاشتکاری میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے مطابق جنگلاتی اراضی کے تحفظ اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔