صدر پزشکیان کی پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو ہوگی

پاکستان اور ایران کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے صدر پزشکیان کا دورہ، اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع
اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان کا اہم سرکاری دورہ کریں گے، جس کے لیے وفاقی دارالحکومت میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ایرانی صدر کے ترجمان حبیب عباسی کے مطابق صدر پزشکیان کا یہ دورہ ممکنہ طور پر ایک روز پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر گزشتہ دوروں میں ہونے والے معاہدوں اور فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف امور پر پاکستان کے کردار کو سراہنے کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر دستخط کے بعد جاری سفارتی سرگرمیوں کا تسلسل ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی قیادت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کرے گی۔

دورے کے دوران ایرانی صدر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون، توانائی، سرحدی روابط اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت مختلف اہم امور زیر غور آئیں گے۔ سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بطور صدر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے اگست 2025 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے