اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی حکومت نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے یکساں نرخ (یونیفارم ٹیرف) نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی باقاعدہ تیاری شروع کر دی ہے، جس کے لیے نیپرا میں تمام ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے لیے نئے کنزیومر اینڈ ٹیرف کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ حکومتی درخواست میں بجلی کے موجودہ ٹیرف نوٹیفکیشن میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت کراچی سمیت ملک کے تمام حصوں میں کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی قومی سطح پر رائج یکساں بجلی نرخ لاگو ہوں گے۔ وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ اس ٹیرف ریشنلائزیشن کا مقصد اضافی ریونیو جمع کرنا نہیں بلکہ ملک بھر میں بجلی کے ریٹ میں برابری اور یکسانیت کو یقینی بنانا ہے۔
درخواست میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ بجلی کے شعبے میں مالی استحکام لانے کے لیے سبسڈی کا بتدریج خاتمہ کیا جائے گا، تاہم فی الوقت صارفین کے لیے سبسڈی کے ساتھ یکساں نرخ نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کی منظوری کے لیے معاملہ وفاقی کابینہ کو بھی پیش کر دیا گیا ہے۔ نیپرا حکومتی درخواست پر 12 جنوری کو سماعت کرے گا، جس کے بعد نیپرا ایکٹ کے سیکشن 31 کے تحت نظرثانی شدہ ٹیرف نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نیپرا کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کی صورت میں نئے اور یکساں بجلی نرخوں کا ملک بھر میں باقاعدہ اطلاق 15 جنوری سے متوقع ہے۔