باڑہ بازار کی مسلسل بندش، اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ بڑھنے لگا

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) باڑہ بازار کی کئی روز سے جاری بندش کے باعث تاجروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ علاقے میں اشیائے خوردونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا کی قلت کے خدشات بھی بڑھنے لگے ہیں۔ انجمن تاجران باڑہ نے گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بازار کھولنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات کم اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔

اس سلسلے میں انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید ایاز وزیر کی قیادت میں تاجر رہنماؤں اور کابینہ کے عہدیداروں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب باڑہ میں پریس کانفرنس کی، جس میں بازار کی مسلسل بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں انجمن تاجران کے سابق صدر معراج آفریدی، علی محمد آفریدی، حاجی ارمان، اخونزادہ اجمعین، محمد اسحاق سمیت دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ باڑہ بازار کی طویل بندش سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور تاجروں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب بازار بند رہنے کے باعث عام شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کے حصول میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کے ساتھ علاقے میں اشیائے خوردونوش کی ممکنہ قلت کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔

انجمن تاجران کے رہنماؤں نے گورنر خیبرپختونخوا اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ تاجروں اور عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے باڑہ بازار کی بندش کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور بازار جلد کھولنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

تاجر رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکام فوری توجہ دے کر بازار کی بحالی اور کاروباری سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کے لیے اقدامات کریں گے، تاکہ تاجروں کے کاروبار اور عوام کی روزمرہ ضروریات سے متعلق مسائل میں کمی آ سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے