ڈبلن(کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی، جس کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
آئرلینڈ کے دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئرلینڈ کے صدر سے ملاقات کی، جس میں باہمی تجارت سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور آئرلینڈ مل کر بہت بہترین کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی اور جنگ کے خاتمے کے بعد تیل کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سعودی عرب سے متعلق تازہ خدشات کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے آمدورفت بحال کرانے میں امریکی کردار سے متعلق سوال کیا۔
جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد ان کے اچھے دوست ہیں اور سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کی پائپ لائن پر حملے کا ذمہ دار غالباً ایران ہے۔
حوثیوں سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ حوثی امریکا کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتے۔ ان کے مطابق حوثیوں نے امریکی انتظامیہ سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ وہ تنازع میں امریکا کی براہ راست شمولیت نہیں چاہتے اور ان کی ترجیح ہے کہ امریکا اس معاملے میں شامل نہ ہو۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ حوثی زیادہ تر جہازوں کو وہاں سے گزرنے دے رہے ہیں، تاہم ایک ملک ایسا ہے جس کے ساتھ وہ خوش نہیں ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اس معاملے کو حل کرلے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی ولی عہد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ کرکے حوثیوں کے خلاف حملے کی درخواست کی تھی، تاہم امریکا نے براہ راست کارروائی سے انکار کردیا تھا۔