رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) ہاکی کے سابق قومی کھلاڑی اور اسلامیہ کالج سول لائنز لاہور کے گولڈ میڈلسٹ علیم اللہ چودھری نے کہا ہے کہ مہنگائی اور موبائل فونز نے پاکستان کے کھیلوں کے گراؤنڈز کو ویران کر دیا ہے اور نوجوان نسل کھیلوں سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی نسلوں کو برائیوں اور بے راہ روی سے بچانے کے لیے کھیلوں کی طرف راغب کریں۔

تفصیلات کے مطابق علیم اللہ چودھری نے ایک خصوصی ملاقات میں کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان ہاکی، کرکٹ، سکوائش سمیت کئی کھیلوں میں ورلڈ چیمپین تھا اور دنیا کے افق پر چمکتے ستارے کی مانند تھا، لیکن آہستہ آہستہ کھیلوں کی سرگرمیاں گراؤنڈز میں ماند پڑنے لگیں اور وہ ویران ہو گئے۔

علیم اللہ چودھری نے واضح کیا کہ کھیلوں کے خاتمے اور گراؤنڈز کے ویران ہونے میں سب سے بڑا کردار مہنگائی کا ہے، جس کے باعث نوجوان کھلاڑی ہاکی، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کا سامان خریدنے سے محروم رہے۔ مزید برآں، موبائل فونز نے نوجوانوں کی توجہ کھیلوں سے ہٹا دی، کیونکہ نوجوان اب اپنے ہاتھوں میں موبائل فونز لیے گراؤنڈز کا رخ کرنا چھوڑ چکے ہیں۔

سابق قومی کھلاڑی نے کہا کہ ایک بار پھر کھیلوں کے گراؤنڈز کو آباد کرنے کے لیے حکومت کو ہاکی، کرکٹ، فٹبال، سکوائش سمیت دیگر کھیلوں کا سامان سستا کرنا ہوگا اور والدین کو اپنے بچوں کو موبائل فونز سے دور رکھ کر کھیلوں کی طرف راغب کرنا چاہیے تاکہ نوجوان صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں اور پاکستان کے کھیلوں کا پرانا جلال دوبارہ بحال ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے