سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف مدثر رتو) ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی شادی کے بعد ان کی مبینہ پہلی اہلیہ کی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر سامنے آگئی ہے، جس میں خاتون روتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی کی کہانی بیان کرتی اور دل کا درد بیان کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ یہ ویڈیو انسٹاگرام اکاؤنٹ fahadashfaq46 سے شیئر کی گئی، جس کے ساتھ کیپشن درج ہے: ’’مسٹر پتلو کی شادی پر پہلی بیوی کا درد چھلک اٹھا، روتے ہوئے دل کی بات کہہ دی!‘‘ ویڈیو میں خاتون نے اپنی شادی، ازدواجی زندگی اور طلاق کے حوالے سے دعوے کرتے ہوئے مسٹر پتلو پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
سیالکوٹ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ کے واقعے کے بعد ٹک ٹاکر مسٹر پتلو ایک نئے تنازعے کی زد میں آگئے ہیں۔ ان کی مبینہ پہلی اہلیہ کے منظرِ عام پر آنے اور سوشل میڈیا پر اپنی کہانی بیان کرنے کے بعد ان کی نجی زندگی سے متعلق معاملہ زیرِ بحث آگیا ہے۔
انسٹاگرام ویڈیو میں خاتون نے اپنے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ان کی مسٹر پتلو سے شادی 10 نومبر 2021ء کو ہوئی تھی اور یہ رشتہ تقریباً چار سال تک قائم رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس وقت اپنے شوہر کا بھرپور ساتھ دیا جب وہ مالی مشکلات اور کسمپرسی کا شکار تھے، تاہم سوشل میڈیا پر شہرت اور دولت حاصل ہونے کے بعد ان کے رویے میں نمایاں تبدیلی آگئی۔
خاتون کے مطابق شہرت ملنے کے بعد مسٹر پتلو نے دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات استوار کرنا شروع کردیئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے شوہر کے ان مبینہ تعلقات پر اعتراض کیا اور سوشل میڈیا پر اپنی شادی کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا تو انہیں تشدد اور مختلف طریقوں سے اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
مبینہ سابقہ اہلیہ کا کہنا تھا کہ انہیں دھمکیاں دی گئیں کہ اگر انہوں نے اس معاملے پر زیادہ آواز اٹھائی تو ان کے نجی لمحات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک کرنے کے ساتھ ساتھ اہل خانہ کو بھی بھیج دی جائیں گی۔ خاتون کے بقول ان دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئیں اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے نیند کی گولیاں استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس حوالے سے طبی ریکارڈ برطانیہ میں موجود ہے۔
مسٹرپتلو کی مبنیہ بیوی کی ویڈیو دیکھنے کیلئے یہاں کلک کریں
مسٹر پتلو کی شادی پر پہلی بیوی کا درد چھلک اٹھا، روتے ہوئے دل کی بات کہہ دی!
خاتون نے طلاق کے معاملے پر بھی دعویٰ کیا کہ مسٹر پتلو نے انہیں باقاعدہ اطلاع دیے بغیر طلاق نامہ تیار کروایا اور وہ اس تمام معاملے سے لاعلم رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران مسٹر پتلو بیرونِ ملک بھی دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات قائم کرتے رہے۔
مبینہ سابقہ اہلیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے شوہر کا مشکل وقت میں ساتھ نبھایا، لیکن شہرت اور دولت ملنے کے بعد انہیں نظرانداز کر دیا گیا۔ ان کے مطابق وہ اب میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس لیے سامنے آئی ہیں تاکہ دیگر لڑکیاں ایسے معاملات میں دھوکے سے محفوظ رہ سکیں۔
خاتون نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا کی چمک دمک اور وہاں پیش کیے جانے والے تاثر پر آنکھیں بند کرکے اعتماد کرنے کے بجائے حقائق کا جائزہ لیا جائے۔ دوسری جانب مسٹر پتلو پر عائد کیے گئے ان الزامات کے حوالے سے ان کا مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم ان کا ردعمل سامنے آنے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔