ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ / نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان کے عبداللہ ٹاؤن میں صفائی کا نظام بدستور ناقص ہے، گلی محلوں میں جگہ جگہ گندگی اور کوڑے کے ڈھیر انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے عملی اقدامات کے بجائے محض تصویری کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ صفائی کے دعوے تو کیے جاتے ہیں، مگر زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے۔ گندگی کے باعث علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے، جبکہ مچھروں اور مکھیوں کی افزائش سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق صفائی نہ ہونے سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔
اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، ستھرا پنجاب انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عبداللہ ٹاؤن میں صفائی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، مستقل صفائی کا نظام بحال کیا جائے اور غفلت کے ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔