سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ محمد یامین مغل کی رپورٹ)سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر تاریخی سیالکوٹ قلعہ کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کے لیے گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ تجاوزات کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی کر رہی ہے، جس میں پیرا فورس بھی شامل ہے تاکہ آپریشن مکمل سیکیورٹی اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام پائے۔
چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو نے بتایا کہ قلعہ میں قائم تمام تجاوزات کی مارکنگ مکمل کر دی گئی ہے اور تجاوزات کرنے والوں کو اپنی تجاوزات ہٹانے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ہیوی مشینری اور انسانی وسائل کے ساتھ پیرا فورس بھی تعینات کی گئی ہے اور تجاوزات گرانے پر آنے والے تمام اخراجات قانون کے مطابق قابضین سے وصول کیے جائیں گے۔
چیف آفیسر کے مطابق اس آپریشن میں 6 مکانات مکمل طور پر منہدم کیے جائیں گے جبکہ 61 دکانداروں کی جانب سے کیے گئے جزوی قبضے بھی ختم کیے جائیں گے۔ آپریشن کو مرحلہ وار اور منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے سیالکوٹ قلعہ کے علاقے کو چار زونز میں تقسیم کیا گیا ہے: اڈہ شہباز خان، بازار کھٹیکاں، کاٹھیاں والا بازار اور چوک شہیداں۔
زبیر وٹو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاریخی ورثے کے تحفظ اور عوامی مفاد کے لیے سیالکوٹ قلعہ کو ناجائز قابضین سے ہر صورت واگزار کرانے کے لیے پُرعزم ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔