سرمد سندھی، سندھ کے عظیم انقلابی راگی کی 29 ویں برسی
تحریر:نامہ نگار، مشتاق علی لغاری:
سندھ کے ہر دلعزیز راگی، عظیم انقلابی شخصیت اور قومی کردار کے حامل سرمد سندھی کی آج 29 ویں برسی منائی جا رہی ہے، جن کی یاد میں کشمور سے کیٹی بندر تک پھیلے لاکھوں مداحوں کے دل آج بھی سوگوار ہیں۔ دسمبر کے آخری ایام شروع ہوتے ہی سندھ کی فضاؤں میں سرمد سندھی کے لازوال کردار اور ان کے انقلابی نغمات کی گونج سنائی دینے لگتی ہے اور ان سے محبت کرنے والے عقیدت مندوں کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔ سندھ کا یہ عظیم سپوت 27 دسمبر 1996 کو ایک ٹریفک حادثے میں اپنے چاہنے والوں سے ہمیشہ کے لیے جدا ہو گیا تھا، تاہم ان کی فنی خدمات اور وطن سے محبت پر مبنی گیت آج بھی عوام کے شعور میں زندہ ہیں۔ 27 دسمبر کے اس افسردہ دن پر سندھ بھر میں انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا جا رہا ہے کہ سندھ کا یہ امر راگی اپنے افکار اور سریلی آواز کی صورت میں ہمیشہ عوام کے دلوں میں دھڑکتا رہے گا۔