اے آئی اور روبوٹکس پر بین الاقوامی کانفرنس، ڈیجیٹل مستقبل پر زور

کشمور ( کیو این این ورلڈ / رپورٹ: وقار احمد اعوان) سلیم حبیب یونیورسٹی میں “صنعتی تبدیلی کے لیے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کو مربوط کرنا” کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے ذریعے صنعتی ترقی اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل پر تفصیلی اور نتیجہ خیز گفتگو کی گئی۔

تقریب میں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد اور رہنما حمید کریم اعوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی، نجم مرزا ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، سابق رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد محمد راشد، معروف صنعتکاروں، پروفیسرز، ماہرین تعلیم، آئی ٹی ایکسپرٹس اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے کانفرنس کو علمی اور فکری رنگ بخشا۔

کانفرنس کے دوران مقررین نے کہا کہ دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کی جانب بڑھ رہی ہے، اور پاکستان کو بھی عالمی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے سائنسی و تکنیکی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی ٹیکنالوجیز نہ صرف صنعتی نظام میں انقلاب برپا کر سکتی ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار، تحقیق اور جدت کے بے شمار مواقع بھی پیدا کر سکتی ہیں۔

اس موقع پر حمید کریم اعوان اور علی راشد نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں میڈلز اور ایوارڈز تقسیم کیے اور ان کی علمی و تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔

مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں، صنعتی شعبوں اور حکومتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، جس سے معیشت کو نئی سمت ملے گی اور پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ سکے گا۔

کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحقیق، جدت اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے