کوئٹہ(کیو این این ورلڈ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی خطیر مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایف سی ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاک فوج اور ایف سی کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس مالی پیکیج کا باضابطہ اعلان کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی کابینہ اور اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا، جہاں دونوں صوبوں کے درمیان سکیورٹی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے ان کی وابستگی قابلِ ستائش ہے، اور پنجاب حکومت بلوچستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو کسی سیاسی فتنے کا نہیں بلکہ ‘فتنہ الخوارج’ کا سامنا ہے، جس کے خلاف جاری آپریشنز میں پنجاب کے تمام وسائل اور خدمات حاضر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ صرف قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے اور پنجاب، بلوچستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر قدم پر اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مریم نواز کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 10 ارب روپے کی معاونت کو ایک مثبت اور تاریخی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے لیے اس امداد سے دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو نئی تقویت ملے گی۔ سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کے دفاع کے لیے متحد ہیں اور پنجاب کا یہ جذبہ بین الصوبائی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں وزرائے اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کے امن سے جڑی ہے اور ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے