رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار) رینالہ خورد میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف لفٹر ٹیم کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر ملک ریاض نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں تجاوزات اور نو پارکنگ مافیا کی وجہ سے شہریوں کا پیدل چلنا اور گاڑیوں کا گزرنا انتہائی دشوار ہو چکا تھا، جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس افسر اوکاڑہ اور ڈی ایس پی ٹریفک نے ملک ریاض کو خصوصی طور پر لفٹر ٹیم کا انچارج مقرر کیا۔ ٹیم نے صدر بازار، ویلکم روڈ اور کلمہ چوک سمیت مختلف اہم شاہراہوں پر آپریشن کرتے ہوئے نو پارکنگ زون میں کھڑی گاڑیوں کو بھاری جرمانے کیے، متعدد گاڑیوں کو لاک کیا اور کئی کو لفٹ کر کے بند کر دیا، جس کے بعد شہر بھر میں ٹریفک کی روانی بلا تعطل بحال ہو گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کی اس مؤثر کارروائی اور لفٹر ٹیم کی کارکردگی پر رینالہ خورد کے شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انچارج لفٹر ٹیم ملک ریاض کا کہنا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو بھی اہم شاہراہوں پر غیر قانونی پارکنگ کر کے عوامی راستوں میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو تنبیہ کی کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ ایریاز میں ہی کھڑی کریں تاکہ انہیں قانونی کارروائی اور جرمانوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس وقت شہر کے تمام اہم مقامات پر ٹریفک کی صورتحال بہتر ہے اور ٹریفک اہلکار مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ تجاوزات اور غلط پارکنگ کا دوبارہ خاتمہ ہو سکے۔